نبی کریم ؐکی سیرت انسانیت کے لیے نجات اور رہنمائی کا ذریعہ ہے، جاوداں فہیم

ربیع الاول ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو نبی کریم کی سیرت کے مطابق ڈھالیں، اپنے اخلاق کو سنواریں، ناظمہ کراچی

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی جاوداں فہیم نے ربیع الاول کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ ربیع الاول کی آمد ہمیں حضور اکرم ؐکی سیرت طیبہ کی یاد دہانی کراتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس مہینے میں اپنے آخری نبی حضرت محمد مصطفیٰ ؐکو دنیا کے لیے رحمت بنا کر بھیجا۔ آپ ؐکی ذات وہ مینارِ نور ہے جس نے انسانیت کو جہالت، ظلمت اور غلامی سے نکال کر عدل، مساوات اور امن کا پیغام دیا۔

جاوداں فہیم نے کہا کہ عشق رسول ؐصرف جذبات اور تقریبات کا نام نہیں بلکہ اصل عشق اتباع اور اطاعت رسول ؐمیں ہے۔ اگر ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو سیرت النبی ؐکے مطابق ڈھال لیں تو ہمارے مسائل حل ہو جائیں اور معاشرہ امن و سکون کا گہوارہ بن جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ اپنی اصل قوت اور حیثیت کھو چکی ہے۔ ظلم و ناانصافی کا نظام پوری دنیا پر مسلط ہے، مظلوموں کی آہیں آسمان کو چھو رہی ہیں لیکن امت تقسیم اور انتشار کا شکار ہے۔

اگر مسلمان یکجا اور مضبوط ہوتے تو نہ بیت المقدس غلامی میں ہوتا اور نہ غزہ کے بے گناہ مسلمان مظلومیت کی چکی میں پس رہے ہوتے۔ناظمہ کراچی نے کہا کہ موجودہ دور میں انسانیت کی نجات اور معاشرتی اصلاح صرف اسلام کی طرف واپسی میں ہے۔ آج ضرورت ہے کہ خیر اور نیکی کی قوتیں متحد ہوں اور ظلم، استحصال اور ناانصافی کے نظام کے خلاف اجتماعی مزاحمت کی جائے۔جاوداں فہیم نے کہا کہ ربیع الاول ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو نبی کریم کی سیرت کے مطابق ڈھالیں، اپنے اخلاق کو سنواریں، اور امت کے اتحاد کے لیے جدوجہد کریں۔ یہی حقیقی عشق رسول ہے اور یہی کامیابی کی ضمانت ہے۔