آل پارٹیز کی شٹرڈاؤن ہڑتال کی حمایت، 8 ستمبر کو کاروبار بند رہیں گے، مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان

۔صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال تشویشناک، پُرامن احتجاج ہی حکمرانوں کو جھنجھوڑنے کا واحد راستہ ہے، ترجمان کاشف حیدری /سریاب روڈ دھماکے میں 17 قیمتی جانوں کے ضیاع اور 40 سے زیادہ معصوم لوگ زخمی ہونے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، بیان

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:35

ل*کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 ستمبر2025ء) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کے اعلان کردہ شٹرڈاؤن ہڑتال کی بھرپور حمایت کی جاتی ہے اور صوبے بھر کے تاجر 8 ستمبر بروز سوموار کو اپنے کاروبار بند رکھ کر بدامنی کے خلاف آواز بلند کریں۔ یہ بات انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2 ستمبر کو شاہوانی سٹیڈیم سریاب روڈ پر راہشون سردار عطاء اللہ خان مینگل کی برسی کے بعد جلسہ گاہ کے باہر ایک دہشت گردانہ خودکش حملہ ہوا جس کے نتیجے میں 17 سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جبکہ 40 سے زیادہ معصوم لوگ زخمی ہوئے۔

اس سفاکانہ واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان نہ صرف شہداء کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے بلکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو بھی ہے۔

(جاری ہے)

کاشف حیدری نے کہا کہ آئے روز کے بدامنی کے واقعات نے عوام کو خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے، کاروباری سرگرمیوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے اور تاجر برادری شدید پریشانی میں مبتلا ہے۔

ایسے حالات میں آل پارٹیز کی طرف سے دی گئی شٹرڈاؤن ہڑتال کا فیصلہ بروقت اور عوامی احساسات کا ترجمان ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کی یہ جدوجہد کسی ذاتی مفاد کے لئے نہیں بلکہ صوبے میں امن و سکون کے قیام اور عوامی جان و مال کے تحفظ کے لئے ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پرامن احتجاج کے ذریعے ہی حکمرانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو یہ واضح پیغام دیا جا سکتا ہے کہ عوام اور تاجر مزید بدامنی برداشت کرنے کے لئے تیار نہیں۔

کاشف حیدری نے کہا کہ تاجر ہمیشہ امن کے داعی رہے ہیں اور آئندہ بھی اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھ کر ہر مشکل گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے تاجروں سے پرزور اپیل کی کہ 8 ستمبر کو ہڑتال کو کامیاب بنائیں اور بھرپور اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں تاکہ یہ اجتماعی آواز حکمرانوں کے ایوانوں تک پہنچ سکے۔