چیئرپرسن ایس ای سی پی عاکف سعید کی عسکری بینک لمیٹڈ کے صدر اور بینک کی سینئر قیادت کے اراکین سے ملاقات

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی ) کے چیئرپرسن عاکف سعید نے عسکری بینک لمیٹڈ کے صدر ضیاء اعجاز اور بینک کی سینئر قیادت کے اراکین کے ساتھ ملاقات میں پاکستان کی اسلامی کیپٹل مارکیٹ کو وسعت دینے کے لئے فعال سکوک مارکیٹ کی تشکیل کے عزم کا اعادہ کیا۔چیئرپرسن نے کہا کہ ایس ای سی پی مالیاتی خدمات تک رسائی کو بہتر بنانے، مالیاتی شمولیت کو بڑھانے اور مالیاتی خدمات کی فراہمی میں استعداد کار میں اضافہ کرنے کے لئے جامع ڈیجیٹلائزیشن ایجنڈا پر فعال طور پر کام کر رہا ہے۔

انہوں نے پاکستان کے بینکوں کے لئے دستیاب مواقع پر زور دیتے ہوئے کئی اہم اقدامات کا خاکہ پیش کیا جو پہلے سے جاری ہیں، ان اقدامات میں کارپوریٹس کے لئے ڈیجیٹل بینک اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت، مالیاتی مصنوعات (جیسے میوچل فنڈز، پنشن فنڈز اور انشورنس) کی ڈیجیٹل تقسیم، نجی کمپنیوں کے حصص کو خودکار طور پر سینٹرل ڈیپازٹری سسٹم میں شامل کرنا، کارپوریٹائزیشن میں سہولت فراہم کرنے کے لئے بینکوں کے ساتھ شراکت داری ، ایکویٹی ، قرض کے آلات کے پرائمری اجرا اور سیکنڈری ٹریڈنگ دونوں میں بینکوں کے لئے وسیع کردار شامل ہے۔

(جاری ہے)

چیئرپرسن نے روایتی قرض کا شریعت سے ہم آہنگ متبادل کے طور پر سکوک کو فروغ دینے میں عسکری بینک کے اہم کردار کو سراہا۔ یہ اقدام کارپوریٹس کو اپنے فنڈنگ کے ذرائع کو متنوع بنانے کے قابل بناتا ہے جبکہ ادارہ جاتی اور ریٹیل دونوں سرمایہ کاروں کے لئے اعلیٰ معیار کے سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے مالیاتی خدمات کی ڈیجیٹل فراہمی کو وسعت دینے کے مواقع تلاش کرنے اور پاکستان کے مالیاتی ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لئے بینکوں کے ساتھ خصوصی سیشنز منعقد کرنے کی بھی تجویز پیش کی۔

ملاقات میں یہ بھی بتایا گیا کہ ٹیلی کام آپریٹرز کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ریٹیل ڈیجیٹل سکوک متعارف کرانے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ وسیع رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس اقدام کو سکوک کی سبسکرپشن اور ٹریڈنگ کے لئے مکمل ڈیجیٹل عمل کے ذریعے سپورٹ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مائیکرو سکوک شروع کرنے کے منصوبے بھی ہیں، جن کا مقصد چھوٹے بچت کاروں اور پسماندہ طبقات کے لئے سستی، شریعت سے ہم آہنگ سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرکے مالیاتی شمولیت کو بہتر بنانا ہے۔