ؒبرطانوی شاہی خاندان کی سب سے معمر رکن شہزادی کیتھرین 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں،بادشاہ چارلس کا خراج عقیدت پیش

جمعہ 5 ستمبر 2025 19:50

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 ستمبر2025ء)برطانوی شاہی خاندان کی سب سے معمر رکن ڈچس آف کینٹ شہزادی کیتھرین 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ ٍبادشاہ چارلس نے ڈچس آف کینٹ کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے اپنی عزیزہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔بادشاہ چارلس نے شہزادی کیتھرین (ڈچس آف کینٹ) کی وفات پر ایک سنجیدہ بیان جاری کیا ہے۔ برطانوی شاہی خاندان کے سرکاری انسٹاگرام اکاؤنٹ نے محترمہ کی وفات کی تصدیق کی۔

رائل خاندان کی سب سے بزرگ رکن کا انتقال جمعرات 4 ستمبر 2025 کو کینسنگٹن پیلس میں ہوا۔

(جاری ہے)

بکنگھم پیلس کی جانب سے کہا گیا کہ بادشاہ اور ملکہ اور شاہی خاندان کے تمام ارکان ڈیوک آف کینٹ پرنس ایڈورڈ (مرحومہ کے شوہر)، ان کے بچوں اور پوتوں کے اس نقصان پر غمگین ہیں اور ڈچس کی زندگی بھر تنظیموں کے لیے ان کی وابستگی، موسیقی کے شوق اور نوجوانوں کے لیے ہمدردی کو یاد کرتے ہیں۔ شاہی محل پر یونین جھنڈا بھی ڈچس کی یاد میں سرنگوں کردیا گیا۔ڈچس آف کینٹ نے سنہ 1961 میں ڈیوک آف کینٹ پرنس ایڈورڈ سے شادی کی تھی جو کنگ چارلس سوم کی والدہ آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کے کزن تھے۔ اس طرح شہزادی کیتھرین شاہی خاندان کا حصہ بنیں۔