کمشنر سوشل سکیورٹی کی زیر صدارت اجلاس، تین ہسپتالوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ

ڈاکٹرز و عملے کی بروقت حاضری یقینی بنائی جائے، کنسلٹنٹس کی خالی آسامیوں کو پر کیا جائے ‘ کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی محمد علی

جمعہ 5 ستمبر 2025 20:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی محمد علی کی زیر صدارت ہیڈ آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اسلام آباد، گوجرانوالہ اور ملتان کے سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان نے آن لائن شرکت کی جبکہ وائس کمشنر توقیر الیاس چیمہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر محمد علی نے واضح ہدایات دیں کہ ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر عملے کی بروقت حاضری لازمی بنائی جائے اور غیر حاضر یا تاخیر سے آنے والے ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ ملتان اور گوجرانوالہ ہسپتالوں میں کنسلٹنٹس کی خالی آسامیوں کو فوری طور پر پر کیا جائے اور ڈائریکٹر ورکس ملتان ہسپتال کی توسیع کے اقدامات کو تیز کریں۔

کمشنر محمد علی نے زور دیا کہ ہسپتالوں میں جاری تعمیری کام بروقت مکمل کیے جائیں اور حالیہ بارشوں سے متاثرہ عمارتوں کی فوری مرمت کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ہسپتال مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم اور ہسپتالوں کے فزیوتھراپی یونٹس کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ مریضوں کو زیادہ معیاری سہولیات میسر آئیں۔

متعلقہ عنوان :