حضور اکرم ﷺکی سیرت طیبہ اخوت، عدل، رواداری اور خدمتِ انسانیت کا عظیم نمونہ ہے،وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

جمعہ 5 ستمبر 2025 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عید میلاد النبی ﷺکے پرمسرت موقع پر پوری امت مسلمہ، خصوصاً بلوچستان کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ولادت باسعادت حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پوری انسانیت کے لئے رحمت، ہدایت اور امن کا پیغام ہے ۔انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺکی سیرت طیبہ اخوت، عدل، رواداری اور خدمتِ انسانیت کا عظیم نمونہ ہے۔

آج ہمیں بطور مسلمان اس عہد کی تجدید کرنا ہے کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو سیرت النبی ﷺکی روشنی میں سنواریں اور ایک پرامن، خوشحال اور انصاف پر مبنی معاشرہ تشکیل دیں ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان حکومت اس موقع پر صوبے میں قیامِ امن، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید میلاد النبی ﷺکے موقع پر اپنے علاقے، گلی اور محلوں کو اتحاد، اخوت اور یکجہتی کا گہوارہ بنائیں تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ مسلمان حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہر مشکل کا مقابلہ کر سکتے ہیں ۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ دن ہمیں اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ حقیقی کامیابی صرف اسوہ حسنہ ۖ کی پیروی میں ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اپنے قول و فعل اور طرزِ عمل سے دنیا کو یہ بتائیں کہ اسلام امن، محبت اور خدمت انسانیت کا مذہب ہے۔