Live Updates

سیلاب سےمتاثرہ علاقوں میں زندگی کو جلد از جلد معمول پر لانے کیلئے تمام محکمے بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں، کمشنر سرگودھا

جمعہ 5 ستمبر 2025 22:20

سرگودھا 05 ستمبر (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان اور ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے جمعہ کے روز دریائے چناب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ دونوں افسران نے موقع پر موجود ریسکیو 1122، محکمہ صحت، لائیو اسٹاک، ہائی ویز، انہار، ضلعی و تحصیل انتظامیہ اور دیگر اداروں کی ٹیموں سے ملاقات کی اور انہیں سیلابی ریلے کے دوران انتھک محنت اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دینے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

کمشنر سرگودہا نے کہا کہ تمام اداروں کی بروقت حکمت عملی، موثر رابطہ کاری اور ٹیم ورک کے باعث دریائے چناب میں کوٹمومن کے مقام سے دوسرا بلند سیلابی ریلا بھی بحفاظت گزر گیا ہے۔ اب سیلاب کے بعد بحالی کا دوسرا مرحلہ شروع ہو چکا ہے، جس میں متاثرہ علاقوں میں زندگی کو جلد از جلد معمول پر لانے کے لیے تمام محکمے بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نےبتایامتاثرہ خاندانوں کومحفوظ مقامات اورعارضی کیمپس میں تین وقت کاپکا کھانا، صاف پانی اور راشن فراہم کیا جا رہا ہے۔ محکمہ صحت کی موبائل، فکسڈ اور بوٹ ٹیمیں متاثرہ افراد کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کر رہی ہیں، محکمہ لائیو اسٹاک کی ٹیمیں مویشیوں کے لیے چارہ اور ویکسین فراہم کر رہی ہیں، جبکہ محکمہ ہائی ویز نے زیادہ تر متاثرہ سڑکوں کو بحال کر دیا ہے۔

باقی مقامات پر مرمتی کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ کمشنر نے مزید کہا کہ پانی کے اترنے کے بعد نقصانات کا مکمل سروے کیا جائے گا، جس کی تفصیلی رپورٹ حکومت پنجاب کو بھیجی جائے گی تاکہ متاثرین کو بروقت مالی امداد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادارے ایک ٹیم کی طرح کام کر رہے ہیں اور امید ہے کہ جلد ہی متاثرہ علاقوں میں زندگی معمول پر آ جائے گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات