جشن عید میلادالنبی ؐکے موقع پر ڈیرہ غازی خان میں فلیگ مارچ

جمعہ 5 ستمبر 2025 22:20

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) ڈیرہ غازی خان میں 12 ربیع الاول کی تقریبات اور جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں، ریسکیو 1122، ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس، پنجاب پولیس، ٹریفک پولیس اور دیگر فورسز کا فلیگ مارچ کیا گیا۔ فلیگ مارچ کی قیادت ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) طارق ولایت، اسسٹنٹ کمشنر صدر تیمور عثمان، چیف آفیسر ضلع کونسل جواد الحسن گوندل سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے صدر میلاد کمیٹی صاحبزادہ انور حسن سے خصوصی ملاقات کی اور 12 ربیع الاول کے انتظامات کو حتمی شکل دی۔ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کو شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ فلیگ مارچ کا مقصد جلوسوں کے روٹس کا جائزہ لینا اور امن دشمن عناصر کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح متحرک اور فعال ہیں۔ڈی پی او نے کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔