ایبٹ آباد،سکول کے بچوں کو کچلنے والا ڈمپر ڈرائیور پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار

ہفتہ 6 ستمبر 2025 13:10

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) ایبٹ آباد میں سکول کے بچوں کو کچلنے والا ڈمپر ڈرائیور پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار ہو گیا۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز صبح ساڑھے سات بجے ایبٹ آباد شہر میں لیڈی گارڈن کے قریب ڈمپر حادثے کے دوران سکول کے تین بچے جان بحق اور پانچ شدید زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد شہریوں کی ایک بڑی تعداد ہسپتال پہنچ گئی جہاں اُنھوں نے غفلت کے مرتکب پولیس اہلکاروں کے خلاف شدید احتجاج اور کاروائی کا مطالبہ کیا،حادثے کے فوری بعد پولیس نے ڈمپر اپنی تحویل میں لیکر مقدمہ درج کر لیا تاہم ملزم ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا،ترجمان پولیس کے مطابق رات گئے ایبٹ آباد پولیس کا تھانہ مانگل کی حدود میں لیڈی گارڈن کے قریب معصوم بچوں کی جان لینے والے ڈمپر ڈرائیور محسن ولد خانکا پولیس کے ساتھ آمنا سامنا ہوا،اس دوران ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی،پولیس کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ملزم محسن زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ ملزم کے ساتھیوں کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔