ہری پور،جشن عید میلاد النبی ﷺ کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پزید ہو گیا

ہفتہ 6 ستمبر 2025 13:50

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ہری پور میں دارالعلوم اسلامیہ رحمانیہ سے مرکزی جلوس برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا اختتام پذیر ہو گیا،جلوس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ مختلف دیہات اور مضافاتی علاقوں سے بھی جلوس نکالے گئے جو بعد ازاں مرکزی جلوس میں شامل ہو گئے،مرکزی جلوس دارالعلوم اسلامیہ رحمانیہ سے صبح کے وقت روانہ ہوا جو سرکلر روڈ غربی،مین بازار اور جی ٹی روڈ سے ہوتا ہوا دوبارہ دارالعلوم اسلامیہ رحمانیہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا،راستے بھر عاشقان رسول ﷺ نعت خوانی،درود و سلام اور صلوۃ و سلام پیش کرتے رہے،جلوس میں شامل شرکاء نے سبز پرچم،بینرز اور جھنڈیاں اٹھا رکھی تھیں جبکہ شہر بھر کو برقی قمقموں اور رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا تھا،اس موقع پر علمائے کرام نے مختلف مقامات پر جلوس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے 12 ربیع الاول کی فضیلت اور سیرتِ رسول ﷺ پر تفصیلی روشنی ڈالی،انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی ذات انسانیت کے لیے کامل نمونہ ہے اور آپ ﷺ کی سیرت کو اپنانا ہی کامیاب زندگی کی ضمانت ہے،جلوس کے موقع پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے،ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستے اور صفائی و دیگر بلدیاتی سہولیات کو بھی یقینی بنایا گیا۔