ڈبلیو سی ایل اے کی جانب سے چوک وزیر خان میں خواتین کیلئے خصوصی میلاد کا انعقاد

ہفتہ 6 ستمبر 2025 14:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے زیر اہتمام عید میلاد النبی ۖ کی تقریبات کے سلسلے میں تاریخی چوک وزیر خان میں خواتین کے لیے ایک روح پرور اور ایمان افروز میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی اور حضور نبی اکرم ﷺکی بارگاہ میں عقیدت و محبت کے پھول نچھاور کیے۔

تقریب کا آغاز غلام مصطفی خیال کی نقابت سے ہوا جس کے بعد معروف نعت خواں گلریز عاطف نقشبندی، محمد بلال نقشبندی اور محمد ضیا حجوری نے نہایت عقیدت و محبت کے ساتھ نعتیں پیش کیں۔ اس کے علاوہ سارنگی اسکول لوہاری گیٹ کے طلبہ نے بھی نعتیں پیش کیں اور آقائے دو جہاں ﷺسے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کا اختتام کیک کاٹنے کی تقریب سے ہوا جو خوشی اور شکرانے کی علامت تھی۔

اس موقع پر ڈی جی والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی ملیحہ رشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے روحانی پروگرام نہ صرف اندرون لاہور کی ثقافتی اور دینی روایات کو زندہ کرتے ہیں بلکہ کمیونٹی، خصوصا خواتین کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں تاکہ وہ حضور نبی کریم ۖ کی محبت میں یکجا ہو سکیں۔تاریخی مسجد وزیر خان کا ماحول اس محفل کی روحانیت اور عظمت کو اور زیادہ بڑھا گیا اور یہ میلاد تمام شرکا کے لیے ایک ناقابلِ فراموش اور ایمان افروز تجربہ ثابت ہوا۔

متعلقہ عنوان :