Live Updates

پی ڈی ایم اے نے دریائے راوی، ستلج اور چناب میں آنیوالے سیلاب سے متعلق نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے، ریلیف کمشنر پنجاب

ہفتہ 6 ستمبر 2025 16:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے دریائے راوی، ستلج اور چناب میں آنے والے سیلاب سے متعلق نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کے مطابق دریائوں میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث صوبے کے 41 سو سے زائد موضع جات متاثر ہوئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 42 لاکھ 25 ہزار افراد متاثر ہوئے۔

سیلاب میں پھنسے ہوئے 20 لاکھ 14 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 423 ریلیف کیمپس، 512 میڈیکل کیمپس اور 432 ویٹرنری کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔ ان ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے دوران 15 لاکھ 11 ہزار جانوروں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔پی ڈی ایم اے کے مطابق منگلا ڈیم 87 فیصد، تربیلا ڈیم 100 فیصد، بھارتی بھاکڑا ڈیم 90 فیصد، پونگ ڈیم 99 فیصد اور تھین ڈیم 97 فیصد تک بھر چکے ہیں۔ریلیف کمشنر نے بتایا کہ حالیہ سیلابی ریلوں کے باعث ڈوبنے سے 50 شہری جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق متاثرہ شہریوں کے نقصانات کا ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات