یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر ڈپٹی کمشنر کمپلیکس کوئٹہ میں پروقار تقریب کا انعقاد

ہفتہ 6 ستمبر 2025 21:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر ڈپٹی کمشنر کمپلیکس کوئٹہ میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں شہداءکی قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ملکی سلامتی، استحکام و ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)، اسسٹنٹ کمشنر سٹی، اسسٹنٹ کمشنر صدر، اسسٹنٹ کمشنر کچلاک سمیت ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران اور اہلکاران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے افسران نے کہا کہ 6 ستمبر ہماری تاریخ کا سنہری دن ہے جو قومی یکجہتی، حب الوطنی اور قربانی کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداءکی عظیم قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں اور انہی کی بدولت آج ہم آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یومِ دفاع ہمیں اس عزم کی تجدید کا پیغام دیتا ہے کہ ہم مادرِ وطن کے دفاع، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔