صوبائی وزرا کا مٹیاری میں دریائے سندھ کے حساس مقامات کا دورہ، ضلعی انتظامیہ کی بریفنگ

ہفتہ 6 ستمبر 2025 21:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو، صوبائی وزیر توانائی، منصوبہ بندی و ترقی سید ناصر حسین شاہ اور وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی و رکن صوبائی اسمبلی مخدوم فخر زمان نے ضلع مٹیاری میں دریائے سندھ کے حساس مقامات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے وزرا کو تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی پہلی ترجیح ہے۔ اب تک کچے کے مختلف علاقوں سے 5 ہزار 875 افراد اور 30 ہزار سے زائد مال مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کئے جا چکے ہیں۔ انتظامیہ نے ابتدائی طور پر 12 امدادی کیمپس قائم کیے ہیں جبکہ ہنگامی صورتحال کے لیے 110 کیمپس کی نشاندہی بھی کرلی گئی ہے تاہم زیادہ تر متاثرہ افراد فی الحال اپنے رشتہ داروں کے گھروں میں مقیم ہیں۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا کہ دریا کے کناروں پر 16 میڈیکل کیمپس اور گشتی ٹیمیں قائم ہیں، جن کے ذریعے اب تک 28 ہزار 564 افراد کا علاج کیا گیا ہے۔ لائیو اسٹاک ڈپارٹمنٹ نے 3 فکسڈ کیمپس اور 3 موبائل یونٹس کے ذریعے 49 ہزار 850 مویشیوں کا علاج اور ویکسینیشن کیا جبکہ پولٹری ڈیپارٹمنٹ نے 8 ہزار سے زائد پرندوں اور مرغیوں کی ویکسینیشن کی۔ ڈی سی مٹیاری نے بتایا کہ ہر تعلقے کو ہنگامی صورتحال میں کشتیوں، لائف جیکٹس اور ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر پاک بحریہ کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔

ایکسئین ایریگیشن ہالا ڈویژن پیر صلاح الدین نے وزراء کو آگاہ کیا کہ ضلع مٹیاری میں دریائے سندھ کی کل لمبائی 49 میل ہے اور اس وقت صرف دو مقامات بھانوتھ (7/135) اور ہالا پرانا (3/142) کمزور ہیں، 2010 کے بعد کیے گئے حفاظتی اقدامات کے باعث صورت حال قابو میں ہے۔صوبائی وزراء نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور سندھ حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ دریا کے بیٹ میں رہنے والے افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور بندوں کی سخت نگرانی کی جائے۔ وزراء نے یقین دلایا کہ سندھ حکومت متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی۔