معروف ادیب، کالم نگار ڈاکٹر ساجد خاکوانی کا عید میلاد النبی ؐکے موقع پر اسلامی اقدار کے احیا پر زور

ہفتہ 6 ستمبر 2025 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) معروف ادیب، کالم نگار اور قلم کاروان کے صدر ڈاکٹر ساجد خاکوانی نے عید میلاد النبی ؐکے موقع پر اسلامی اقدار کے احیا پر زور دیا ہے۔ہفتہ کو اے پی پی کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں ڈاکٹر ساجد خاکوانی نے اس بات پر زور دیا کہ عید میلاد النبی ؐنہ صرف مسلمانوں کے لئے ایک مقدس اور قابل احترام دن ہے بلکہ امن، ہمدردی اور عالمی فلاح و بہبود کی اقدار کی یاد دہانی کا بھی دن ہے جو حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم لائے تھے۔

ڈاکٹر خاکوانی نے کہا کہ مسلمانوں کو صرف پیغمبر اسلام ؐ کا یوم ولادت ہی نہیں منانا چاہئے بلکہ ان کی تعلیمات کو اپنی ذاتی اور اجتماعی زندگیوں میں ڈھالنے کی کوشش کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو یہ دیکھنا چاہیے کہ محمدؐ کے اسوہ حسنہ پر عمل کر کے مسلمان اپنے موجودہ چیلنجز پر قابو پا سکتے ہیں اور عالمی سطح پر امن کے قیام میں قائدانہ کردار ادا کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ساجد خاکوانی نے مزید زور دے کر کہا کہ عید میلاد النبی ؐمسلم دنیا کے لیے بیداری کی کال ہے تاکہ ہم اپنے کردار پر نظر ثانی کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت ہے کہ مسلمان ایک بار پھر اٹھیں، قیادت کی باگ ڈور سنبھالیں اور اس نظام کو قائم کریں جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خود قائم کیا تھا۔/395

متعلقہ عنوان :