Live Updates

شاہین آفریدی نے ویرات کوہلی کے بجائے ہاشم آملہ کو سب سے مشکل بیٹر قرار دے دیا

ویرات کوہلی ایک مختلف کھلاڑی ہیں لیکن ہاشم بھائی وہ سب سے مشکل ہیں‘انٹرویومیں سوال کا جواب

اتوار 7 ستمبر 2025 12:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے ویرات کوہلی کے بجائے ہاشم آملہ کو سب سے مشکل بیٹر قرار دے دیا۔پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے جنوبی افریقا کے سابق بیٹر ہاشم آملہ کو ویرات کوہلی کے مقابلے میں سب سے مشکل بیٹر قرار دیا جسے انہوں نے بولنگ کی۔برکس ٹو رچس پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہین نے اپنے کرکٹ کیریئر اور مستقبل کے مقاصد کے بارے میں گفتگو کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے ہاشم آملہ کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے کھیلے ہیں وہ ایک سخت حریف ہیں، میں نے ان کے خلاف وائٹلٹی بلاسٹ میں بھی ایک میچ کھیلا ہے جو انگلینڈ میں ایک ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ ہے میں نے محسوس کیا کہ وہ بہت اچھے بیٹر ہیں۔میزبان نے سوال کیا کہ کیا ہاشم آمل ویرات کوہلی سے زیادہ مشکل بیٹر ہیں جواب میں قومی بولر نے کہا کہ ویرات کوہلی ایک مختلف کھلاڑی ہیں لیکن ہاشم بھائی وہ سب سے مشکل ہیں۔واضح رہے کہ شاہین نے 2021 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف ایک شاندار اسپیل کیا تھا اور چار اوورز میں 31 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔شاہین کی شاندار بولنگ کی بدولت پاکستان نے ورلڈ کپ میں روایتی حریف بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات