ابرار احمد نے یو اے ای کے خلاف میچ میں اہم اعزاز حاصل کرلیا

ابرار احمد نے یو اے ای کے خلاف 4 اوور میں 9 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کرکے اہم اعزاز حاصل کیا

اتوار 7 ستمبر 2025 12:50

شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)پاکستان کے اسپنر ابرار احمد نے یو اے ای کے خلاف میچ میں اہم اعزاز حاصل کرلیا۔شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں اسپنر ابرار احمد نے یو اے ای کے خلاف 4 اوور میں 9 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کرکے اہم اعزاز حاصل کیا۔ابرار نے اپنے دوسرے اوور کی پہلی گیند پر متحدہ عرب امارات کے کپتان محمد وسیم کو 19 رنز پر آؤٹ کرکے پہلی وکٹ لی۔

انہوں نے اپنے تیسرے اوور میں بالترتیب آصف خان کو 7 اور راہول چوپڑا (صفر) پر آؤٹ کرتے ہوئے مزید دو وکٹیں حاصل کیں۔اس کے بعد 26 سالہ نوجوان اسپنر نے اپنے آخری اوور میں ہرشیت کوشک کو آؤٹ کر کے چوتھی وکٹ بھی حاصل کی اور فہرست میں چوتھے نمبر پر آگئے۔اس سے قبل اسپنر سفیان مقیم نے 2024 میں زمبابوے کے خلاف تین رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا، عماد وسیم نے 2016 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 14 رنز کے عوض پانچ وکٹیں لی تھیں۔

(جاری ہے)

آل راؤنڈر شاداب خان نے 2022 میں ہانگ کانگ کے خلاف 8 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی، ابرار احمد نے یو اے ای کے خلاف 9 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کی ہیں۔پلیئر آف دی میچ قرار دیئے جانے کے بعد ابرار احمد نے کہا کہ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے بلے بازوں، خاص طور پر ان کے کپتان وسیم کا تجزیہ کیا اور پچ کے حالات کے مطابق بولنگ کی۔ابرار نے کہا کہ میں پہلے میچ دیکھ رہا تھا اور پچ کی صورتحال دیکھ رہا تھا اس لیے میں نے اس کے مطابق بولنگ کی۔ میں نے پہلے بلے بازوں کا زیادہ تجزیہ نہیں کیا تھا لیکن اس بار میں نے طلحہ کے ساتھ بیٹھ کر ہر بلے باز خاص طور پر وسیم بھائی کا مشاہدہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ باہر بیٹھ کر وکٹیں لینے کی بھوک اور بڑھ جاتی ہے۔