امریکا کا دس ایف35 طیارے پورٹو ریکو بھیجنے کا اعلان

امریکا اور وینزویلا کے مابین کشیدگی میں اضافے کے بعد مذکورہ فیصلہ کیاگیا

اتوار 7 ستمبر 2025 14:15

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)امریکا نے وینزویلا کے ساتھ کشیدگی میں اضافے کے سبب دس ایف35لڑاکا طیارے پورٹو ریکو بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔امریکا اور وینزویلا کے مابین کشیدگی بڑھنے کے بعد امریکا نے دس ایف-35 جدید اسٹیلتھ لڑاکا طیارے کیربیئن جزیرے پورٹو ریکو بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی افواج کی تعیناتی کا مقصد وینزویلا کے صدر نکولس مادورو پر دبا ڈالنا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وینزویلا کے صدر منشیات کے کارٹل کی قیادت کرتے ہیں جبکہ صدر مادورو نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ وینزویلا کا تیل چوری کرنا چاہتے ہیں۔غیرملکی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان حالیہ تنازع رواں ہفتے امریکی فورسز کی جانب سے وینزویلا کی ایک کشتی کو بم دھماکے سے اڑانے کے بعد شروع ہوا۔

(جاری ہے)

امریکا کے مطابق اس کشتی میں اسمگلرز منشیات لے کر امریکا آ رہے تھے، بم دھماکے سے کشتی میں سوار تمام گیارہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔امریکی صدر ٹرمپ نے واقعے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ امریکی فوجی آپریشن میں وینزویلا کے جرائم پیشہ گروپ ٹرینڈی اراگوا سے تعلق رکھنے والے افراد کو نشانہ بنایا گیا جبکہ وینزویلا نے امریکا پر ماورائے عدالت قتل کا الزام لگایا ہے۔