عقیدہ ختم نبوتؐ اسلام کی اساس ،ایمان کا بنیادی ستون ہے، چوہدری انوار الحق

اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد مصطفی ؐکو آخری نبی ،رسول بنا کر مبعوث فرمایا ، آپ ؐکے بعد کسی بھی قسم کی نبوت کا تصور، دعویٰ یا کوشش باطل اور کھلی گمراہی ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

اتوار 7 ستمبر 2025 18:50

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے دوٹوک لفظوں میں کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوتؐ اسلام کی اساس اور ایمان کا بنیادی ستون ہے۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو آخری نبی اور رسول بنا کر مبعوث فرمایا اور آپ ﷺ کے بعد کسی بھی قسم کی نبوت کا تصور، دعویٰ یا کوشش باطل اور کھلی گمراہی ہے۔

یوم ختم نبوت پر اپنے خصوصی بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ عقیدہ? ختمِ نبوتؐ پر کامل ایمان ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی جزو ہے اور اس کے بغیر ایمان مکمل ہی نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ قانون ساز اسمبلی کو اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے ختم نبوت کے کامل عقیدے پر قرارداد منظور کی اور اللہ پاک نے یہ سعادت مجھے نصیب کی کہ میں نے 7 ستمبر کو یوم ختم نبوت منانے کا اعلان کیا اور سرکاری سطح پر یوم ختم نبوت منایا گیا جس میں اس بنیادی عقیدے کی اہمیت اجاگر کی گئی ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ امتِ مسلمہ کے خلاف آج بھی مختلف محاذوں پر فکری اور نظریاتی حملے کیے جا رہے ہیں تاکہ مسلمانوں کو ان کے اصل عقیدے اور نظریے سے دور کیا جا سکے۔ ایسے حالات میں ہماری سب سے بڑی ذمہ داری یہ ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور دشمنوں کی ہر سازش کو ناکام بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نہ صرف خود کو فکری انتشار اور گمراہ کن نظریات سے بچانا ہے بلکہ اپنی آنے والی نسلوں کو بھی محفوظ رکھنا ہے تاکہ وہ ایمان و عقیدے کی مضبوط بنیادوں پر قائم رہ سکیں اور کسی فتنہ پرور قوت کے دھوکے میں نہ آئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آزاد جموں و کشمیر عقیدہ? ختمِ نبوتؐ کے تحفظ، فروغ اور اس کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور اس مقصد کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر پوری امتِ مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ اس بنیادی عقیدے کے دفاع کے لیے متحد ہو جائیں اور ہر اس فتنے کا مقابلہ کریں جو امت کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے۔