ت*اردو کے معروف ادیب اشفاق احمد کی21ویں برسی 7ستمبراتوار کو منائی گئی

اتوار 7 ستمبر 2025 19:05

e جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 ستمبر2025ء)اردو کے معروف ادیب اشفاق احمد کی21ویں برسی 7ستمبراتوار کو منائی گئی اس سلسلے میں جہانیاں سمیت ملک بھر کے ادبی حلقوں میں تعزیتی تقریبات کا اہتمام کیا گیاجس میں اشفاق احمد کی ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ افسانہ نگار ونثر نگار ،مصنف، ریڈیو پاکستان کے مشہور کردار ’’ تلقین شاہ ‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والے اشفاق احمد 22اگست1925ء کو پیدا ہوئے انہوں نے لاہور کے علاوہ اٹلی،فرانس اور نیویارک کی یونیورسٹیوں سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی ۔

اشفاق احمد کا شمار سعادت حسن منٹو اور کرشن چندر کے بعد ادبی افق پر نمایاں رہنے والے افسانہ نگاروں میں ہوتا ہے انہوں نے اپنے ایک مشہور افسانے ’’ گدڑیا ‘‘ سے غیر معمولی شہرت حاصل کی اس کے علاوہ ایک محبت سو افسانے،من چلے کا سودا،سفر در سفر ،کھیل کہانی،توتا کہانی اور دیگر ان کی معروف تصانیف ہیں۔

(جاری ہے)

اشفاق احمد نے زندگی کا بیشتر حصہ ریڈیو پاکستان میں گزاراانہوں نے 1965ء میںریڈیو پاکستان لاہور سے ایک فیچر پروگرام کا آغاز کیا جس کا اہم ترین کردار ’’ تلقین شاہ ‘‘ اشفاق نے ادا کیا عوام کو تلقین شاہ کا مخصوص لہجہ اور دھیما پن ملک کے دور دراز قصبات اور دیہاتوں میںآج بھی یاد کیا جاتا ہے ۔

انہیں پرائڈ آف پرفارمنس اور ستارہ امتیاز کے ایوارڈز سے نوازا گیا۔اردو ادب کا یہ عظیم افسانہ نگار 7ستمبر 2004ء کو 79برس کی عمر میں اس دنیا سے ہمیشہ کیلئے رخصت ہو گیا ۔