Live Updates

ٴ واسا فیصل آباد سرکاری تعطیلات کے باوجود سیلاب سے متاثرہ افراد کو پانی کی فراہمی میں مصروف عمل

اتوار 7 ستمبر 2025 19:05

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق واسا فیصل آباد سرکاری تعطیلات کے باوجود سیلاب سے متاثرہ افراد کو پانی کی فراہمی میں مصروف عمل رہا۔ اس ضمن میں مینجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے واضح کیا کہ سیکرٹری ہاؤسنگ نور الامین مینگل اور ڈی جی پنجاب واسا طیب فرید کی ہدایت پر واسا فیصل آباد انتظامیہ چنیوٹ جھنگ اور تاندلیانوالہ کے سیلاب متاثرین کی خدمت کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے مزید کہا واٹر ڈسٹری بیوشن سٹاف کی جانب سے 3 واٹر بائوزر سے چنیوٹ اور جھنگ کے سیلاب متاثرین کو پانی فراہمی بلا تعطل کررہا ہے۔ ایک واٹر ٹینکر چنیوٹ روڈ سے بھوانہ روڈ تک، دوسرا واٹر ٹینکر بھوانہ سے جھنگ تک جبکہ تیسرا واٹر ٹینکر چنیوٹ روڈ سے لاہور روڈ پر سیلاب متاثرین کو پینے کا پانی فراہم کرنے کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح تاندلیانوالہ اور ملحقہ دریائی علاقہ کے سیلاب متاثرین کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے واسا کے بوٹلنگ پلانٹ کی تیارکردہ ڈیڑھ لیٹر کی سینکڑوں بوتلیں تقسیم کی جا رہی ہیں۔

ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ چاروں علاقوں کے سیلاب متاثرین کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی روزانہ ترجیحی بنیادوں کے ساتھ مسلسل کی جارہی ہے اور واسا فیصل آباد سیلاب متاثرین کی اس مشکل گھڑی میں بنیادی ضرورت پینے کی فراہمی کے لئے جذبہ خدمت کے ساتھ شانہ بشانہ ہے۔ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے مزید کہا کہ چنیوٹ سے بھوانہ، بھوانہ سے جھنگ، چنیوٹ سے لاہور روڈ کے ساتھ ساتھ متعین کئے گئے واٹر ٹینکر کے ساتھ واٹر ڈائریکٹوریٹ کا سٹاف بھی ڈیوٹی انجام دے رہا ہے جبکہ چاروں علاقوں کے فلڈ ریلیف کیمپس پر موجود سیلاب متاثرین کو تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے وافر مقدار میں پانی کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات