ٌانٹرنیٹ کی وقتی بندش اور ریلیوں کو محدود کرنا بروقت اور درست فیصلہ ثابت ہوا ، سرفراز بگٹی

اتوار 7 ستمبر 2025 20:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 ستمبر2025ء)وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ کی وقتی بندش اور ریلیوں کو محدود کرنا بروقت اور درست فیصلہ ثابت ہوا بلا شبہ انسانی جانوں کا تحفظ انٹرنیٹ سروس سے زیادہ اہم ہے انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دو سال قبل مستونگ میں پیش آنے والے افسوسناک سانحے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ماضی کے تلخ تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سال سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے گئے دو سال پہلے ربیع الاول کے جلوس پر ہونے والے دھماکے میں ساٹھ سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہوئی تھیں، تاہم مثر پلاننگ اور سخت اقدامات کے باعث اس سال صوبے بھر میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا وزیر اعلی نے کہا کہ بلوچستان میں عید میلاد النبی ﷺ کے تمام جلوس اور پروگرام پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ صوبہ امن اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے انہوں نے علمائے کرام اور عوام کے تعاون کے ساتھ ساتھ تمام سیکیورٹی اداروں کی شاندار کارکردگی کو قابل تحسین قرار دیا وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے محکمہ داخلہ، پولیس، لیویز، اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز و ایس ایس پیز کو ان کی بہترین خدمات پر شاباش بھی دی۔