پارلیمان صرف قانون سازی ہی نہیں بلکہ مکالمے اور اتفاقِ رائے کا فورم بھی ہے، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا تقریب سے خطاب

پیر 8 ستمبر 2025 16:59

پارلیمان صرف قانون سازی ہی نہیں بلکہ  مکالمے اور اتفاقِ رائے کا فورم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں پارلیمان عوام کے اعتماد اور خواہشات کی آئینہ دار ہیں، پارلیمان صرف قانون سازی ہی نہیں بلکہ مکالمے اور اتفاقِ رائے کا فورم بھی ہے، فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسائل کا حل بھی مکالمے میں مضمر ہے ۔ پیر کو بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس تقریب میں موجودگی میرے لئے باعث مسرت ہے۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو پروقار تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے چیئرمین سینیٹ کی پارلیمانی سفارتکاری کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری روایتی حکمت عملی کا اہم جزو بن چکی ہے،پارلیمانی سفارتکاری عوامی نمائندوں کے درمیان بامعنی روابط کے قیام میں مددگار ہے،پاکستان کا دو ایوانی نظام عوام کی خدمت کر رہا ہے،قومی اسمبلی اور سینیٹ جمہوری طرز حکمرانی کو مستحکم بنا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان عالمی و علاقائی فورمز پر مؤثر کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان انٹر پارلیمنٹری یونین اور اسلامی ممالک کی یونین میں فعال کردار ادا کر رہا ہے،چھ ملکی سپیکرز کانفرنس علاقائی تعاون کے فروغ کا سنگ میل تھی،افغانستان، روس، چین، ایران اور ترکیہ نے بھی شرکت کی۔چھ ملکی سپیکرز کانفرنس کا مقصد دہشت گردی کے خاتمے اور عوامی روابط کو فروغ دینا تھا۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ اے آئی قانون سازی اور عوامی شمولیت میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔غلط معلومات اور فیک نیوز، اداروں پر اعتماد کمزور کرتے ہیں۔غلط معلومات کو روکنے کیلئے پالیسی سازوں کو مشترکہ حکمت عملی وضع کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سپیکرز اور پریزائیڈنگ آفیسرز کا کردار تنازعات کے حل اور اتفاقِ رائے قائم کرنے میں اہم ہوتا ہے،مستحکم جمہوری ادارے عوام کی بہتر خدمت کر سکتے ہیں،خطے میں امن عوام کے جائز تحفظات ایڈریس کئے بغیر ممکن نہیں، پاکستان پرامن مذاکرات اور عالمی قوانین کی پاسداری پر یقین رکھتا ہے،فلسطین اور مقبوضہ جموں کشمیر کے مسئلے کا حل بھی مکالمے میں مضمر ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری اتفاقِ رائے کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہے،تنازعات کا حل عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہئے۔بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس امن و ترقی کے لئے اہم فورم ہے،بہتر دنیا کی تعمیر مکالمے اور تعاون سے ممکن ہے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے بین الپارلیمانی تعاون کے فروغ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔