Live Updates

دریائے ستلج میں طغیانی کے باعث سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک بحریہ کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان

اتوار 7 ستمبر 2025 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) لاہور/قصور میں دریائے ستلج میں طغیانی کے باعث سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک بحریہ کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ پاک بحریہ سول انتظامیہ کے تعاون سے ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں سرگرم عمل ہے اور متاثرہ دیہات کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں گنڈا سنگھ والا سمیت متعدد علاقوں میں پھنسے ہوئے شہریوں اور ان کے مویشیوں کو کشتیوں کے ذریعے نکال کر محفوظ مقامات تک پہنچا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

خصوصی ڈائیونگ ٹیمیں بھی موقع پر موجود ہیں جو جدید آلات اور جان بچانے والی کٹس سے لیس ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا بروقت مقابلہ کیا جا سکے۔سیلاب متاثرین کے لیے پاک بحریہ نے قصور میں میڈیکل کیمپ بھی قائم کیا ہے جہاں متاثرہ افراد کو مفت طبی مشاورت اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ امدادی ٹیمیں متاثرہ خاندانوں میں خوراک اور دیگر ضروری اشیائے ضرورت بھی تقسیم کر رہی ہیں۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ادارہ اس مشکل وقت میں قوم کے ساتھ کھڑا ہے اور متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :