Live Updates

سیلاب متاثرہ علاقوں میں پنجاب پولیس کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری

اتوار 7 ستمبر 2025 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) دریائے ستلج، چناب اور راوی میں سیلابی صورتحال کے اتار چڑھاؤ کے باوجود پنجاب پولیس کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازکی ہدایت پر متاثرہ شہریوں، مویشیوں اور املاک کے تحفظ کو ہر ممکن یقینی بنایا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس مشکل کی اس گھڑی میں شہریوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی۔

ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک لاہور سمیت سیلاب سے متاثرہ اضلاع سے 3 لاکھ 86 ہزار 952 شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ ان میں 1 لاکھ 49 ہزار 560 مرد، 1 لاکھ 12 ہزار 268 خواتین اور 1 لاکھ 25 ہزار 124 بچے شامل ہیں جبکہ شہریوں کے 4 لاکھ 94 ہزار 613 مویشیوں کو بھی سیلاب زدہ علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔

(جاری ہے)

فیصل آباد ریجن سے 70 ہزار 880، ملتان ریجن سے 66 ہزار 596، ڈیرہ غازی خان ریجن سے 59 ہزار 707 اور ساہیوال ریجن سے 51 ہزار 168 متاثرین کو ریسکیو کیا گیا۔ترجمان کے مطابق پنجاب پولیس کے 15 ہزار سے زائد افسران و اہلکار، 740 گاڑیاں اور 40 کشتیاں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں مصروف عمل ہیں۔ آئی جی پنجاب نے انخلا والے علاقوں میں سکیورٹی، سرویلنس اور پٹرولنگ بڑھانے کے خصوصی احکامات جاری کیے ہیں تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

فلڈ ریلیف کیمپوں میں متاثرین کو تحفظ، رہائش، ادویات، خوراک سمیت تمام بنیادی ضروریات زندگی فراہم کی جا رہی ہیں۔ آئی جی پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے پیش نظر انخلا کے عمل میں پنجاب پولیس سے بھرپور تعاون کریں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات