فیصل آبادڈویلپمنٹ اتھارٹی کی انسداد ڈینگی مہم ، خالی پلاٹس سے بارشی و گندا پانی نکالنے سمیت جھاڑیاں اور خود رو پودے تلف

پیر 8 ستمبر 2025 12:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) فیصل آبادڈویلپمنٹ اتھارٹی نے انسداد ڈینگی کے لئے مہم تیز کردی ہے جبکہ مختلف علاقوں میں خالی پلاٹس سے بارشی و گندا پانی نکالنے سمیت جھاڑیاں اور خود رو پودے تلف کئے جا رہے ہیں۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے بتایاکہ ان کی سربراہی میں مختلف ٹیمیں اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹرز و اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اپنی ٹیموں کی کارکردگی کی روزانہ روپورٹ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کو فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ تمام ٹیموں کی مانیٹرنگ کاعمل سختی سے جاری ہے اور عوام میں صفائی و ڈینگی سے آگاہی مہم کے سلسلہ میں شعور بیدار کرنے کیلئے بھی تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ مختلف ٹیمیں ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول کالونیوں مدینہ ٹاؤن، ملت ٹاؤن، گلبرگ، گلفشان کالونی، گلستان کالونی، علامہ اقبال کالونی، دو سو بارہ، سرسید ٹاؤن، ایف ڈی اے سٹی ہاؤسنگ سکیم، ناظم آباد، گلشن کالونی اور کچی آبادیوں میں گلی محلوں میں مصروف عمل ہیں اوران آبادیوں سے کوڑا کرکٹ صاف کروا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینا اور ڈینگی مچھر کی افزائش کی تمام ممکنہ جگہوں کی صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ گھر ،دفاتر، دکانوں اور کھلی جگہوں پر کوڑا کرکٹ یا فالتو اشیاجمع نہ ہونے دیں اور دفاتر، گھروں کے ایئر کولرز میں کھڑا پانی نکالنے سمیت پانی جمع کرنے کے برتن، گھڑے، ٹب،ٹینکی وغیرہ کو ڈھانپ کر رکھیں تاکہ ڈینگی کی افزائش نسل کو روکنا ممکن ہو سکے۔