امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مردوں کے فائنل میں شرکت کے باعث میچ 30 منٹ تاخیر کا شکار

پہلی بار یو ایس اوپن ٹورنامنٹ میں شریک ہوئے، کو اسکرین پر دکھائے جانے پر بلند آوازوں میں ہوٹنگ کا سامنا کرنا پڑا

پیر 8 ستمبر 2025 15:01

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مردوں کے فائنل ..
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مردوں کے فائنل میں شرکت کے باعث میچ کا آغاز 30 منٹ تاخیر کا شکار ہوا اور سخت سکیورٹی کے باعث شائقین طویل قطاروں میں پھنس گئے۔اے ایف پی کے مطابق ٹرمپ، جو تقریباً ایک دہائی بعد پہلی بار یو ایس اوپن ٹورنامنٹ میں شریک ہوئے، کو اسکرین پر دکھائے جانے پر بلند آوازوں میں ہوٹنگ کا سامنا کرنا پڑا تاہم کچھ شائقین نے تالیاں بھی بجائیں،سخت سکیورٹی کے باعث دوسرے سیٹ کے آغاز تک تقریباً 250 شائقین داخلے کے لیے قطار میں کھڑے رہے، جنوبی افریقہ سے آئے ایک جوڑے نے بتایا کہ وہ ایک گھنٹے سے زیادہ دیر سے انتظار کر رہے ہیں۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق منتظمین نے براہ راست نشریات کرنے والے اداروں سے کہا تھا کہ وہ کسی قسم کے ناپسندیدہ عوامی ردعمل کو اسکرین پر نہ دکھائیں۔

(جاری ہے)

ہسپانوی اسٹار کارلوس الکاراز نے کہا کہ وہ ٹرمپ کی موجودگی سے خود کو دباؤ میں نہیں لانا چاہتے تاہم یہ کھیل کے لیے اچھی بات ہے کہ صدر فائنل دیکھنے آئے۔ٹرمپ نے اس موقع پر ٹورنامنٹ کے بڑے اسپانسر رولیکس کے اسٹال پر بھی گئے جہاں وہ کمپنی کے سی ای او اور امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے ہمراہ دکھائی دیے۔

ٹرمپ کے ساتھ اٹارنی جنرل پام بانڈی، وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ اور ان کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف بھی موجود تھے۔صدر ٹرمپ نے جنوری میں دوبارہ منصب سنبھالنے کے بعد کئی شاندار اسپورٹس ایونٹس میں شرکت کی ہے۔اس سے قبل کسی بھی امریکی صدر نے یو ایس اوپن میں شرکت نہیں کی۔ آخری بار صدر بل کلنٹن نے 2000 میں خواتین کا فائنل دیکھا جہاں ٹرمپ بھی موجود تھے۔توقع ہے کہ ٹرمپ 11 ستمبر کے حملوں کی برسی پر ایک بیس بال میچ میں بھی شرکت کریں گے۔