Live Updates

کمشنر راولپنڈی کی ڈپٹی کمشنرز کو تمام فلور ملز و کسانوں سے گندم سٹاک کی تفصیل لینے کی ہدایت

پیر 8 ستمبر 2025 15:07

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ڈپٹی کمشنرز کو تمام فلور ملز و کسانوں سے گندم سٹاک کی تفصیل لینے کی ہدایت کی ۔ اسکے علاوہ اضلاع و صوبوں کے درمیان قائم کی گئی چیک پوسٹس کو مکمل فعال اور وہاں تمام متعلقہ سٹاف کی حاضری کویقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت ہے کہ کہیں بھی کسی کسان یا فلور ملز سے کسی قسم کی زیادتی نہ ہو۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ہر محکمہ اپنی ذمہ داری کو قومی فریضہ سمجھتے ہوئے انجام دے اور عوامی ریلیف کو اولین ترجیح بنائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے گندم و آٹے کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ سیل سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹی مینجمنٹ آفس میں قائم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مانیٹرنگ سیل کی ذمہ داری گندم، آٹے اور روٹی کی دستیابی اور مقررہ نرخوں پر فروخت کی کڑی نگرانی کر نا ہے۔ اس کے علاوہ ضلعی سطح پر تشکیل دی گئی ٹیموں کے سروے اور انسپکشن کی نگرانی کرنا تاکہ ذخیرہ اندوزی، مصنوعی مہنگائی اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔ مزید برآں، صوبہ سے باہر گندم اور آٹے کی ترسیل کے لیے جاری کیے گئے کیو آر کوڈ پرمٹس کی جانچ پڑتال کرے اور اس حوالے سے مرتب کردہ تفصیلات کو یومیہ رپورٹ میں شامل کرے۔

مانیٹرنگ سیل روزانہ اور ہفتہ وار رپورٹس مرتب کرے گا جن میں فیلڈ ٹیموں کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی تفصیل موجود ہوگی۔ یہ مرتب شدہ رپورٹس ڈائریکٹر جنرل فوڈ یا کین کمشنر کو بھیجی جائیں گی جو بعد ازاں متعلقہ سیکرٹری اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے دفتر کو جمع کروائی جائیں گی۔ کمیٹی روم میں تمام محکموں کے اشتراک سے قائم اس کنٹرول روم میں متعلقہ محکموں کے پانچ ڈیسک قائم کیے جائیں گے۔ ہر محکمے کے سربراہ یا نمائندہ افسر کے پاس ضلع بھر کی فلور ملز، فیڈ ملز اور فوڈ گرین لائسنس ہولڈرز کی مکمل فہرستیں موجود ہوں گی۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات