عام آدمی کے مسائل حل کرنے کے لئے پرعزم ہیں،وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی

پیر 8 ستمبر 2025 15:27

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پر امن احتجاج ہر کسی کا حق ہے تاہم کسی کو زور زبردستی اور تشدد کا راستہ اختیار کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،عام آدمی کے مسائل حل کرنے کے لئے پرعزم ہیں،اصل مسائل اور چیلنجز پر توجہ مرکوز کرنی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو عوامی مسائل کے حل کے لئے ڈیرہ بگٹی کے علاقے بیکڑ میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پرلوگوں کی بڑی تعداد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو اپنے مسائل سے آگاہ کیاوزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے عوام کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عام آدمی اپنے مسائل کا حل چاہتا ہے،دہشت گردی اور بیڈ گورننس بڑے چیلنجز ہیں، سیاسی اسٹیک ہولڈرز کو صورتحال کی نزاکت کا احساس کرنا ہوگا،بلوچستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سب کو ساتھ لے کر چلنے کے لئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی ایک ناسور ہے جس سے سب متاثر ہوئے ہیں، ڈیرہ بگٹی کے عام آدمی نے بھی قومی یکجہتی اور بحالی امن کے لئے جانوں کی قربانی دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست سب سے مقدم ہے، مسائل کے حل کے لئے حکومت کے دروازے کھلے ہیں ،پرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے تاہم کسی کو بھی زور زبردستی اور تشدد کا راستہ اختیار کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔