ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان کا خلیفہ گل نواز ہسپتال کا دورہ، گزشتہ روز لکی مروت میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکار کے اہلخانہ کی عیادت کی

پیر 8 ستمبر 2025 17:13

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے خلیفہ گل نواز ہسپتال کا دورہ کیا اور دہشتگردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکار ثناء اللہ کی بیوی اور بھائی کی عیادت کی۔ترجمان ریجنل پولیس آفیسر بنوں کے مطابق گزشتہ رات فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے پولیس اہلکار ثناء اللہ کے گھر پر حملہ کیا۔

(جاری ہے)

پولیس اہلکار ثناء اللہ اور ان کے اہلِ خانہ نے دلیرانہ مقابلہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں اہلکار کی بیوی اور بھائی زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر علاج کے لیے کے جی این ہسپتال منتقل کیا گیا۔ڈی آئی جی سجاد خان نے زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور ان کے جذبے اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار اور ان کے اہلخانہ نے جس جرأت و بہادری کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابلِ فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگرد بزدلانہ حربوں سے عوام اور پولیس کے حوصلے پست نہیں کرسکتے،پولیس اور عوام مل کر آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔