کم عمری کی شادیوں کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے قانونی فریم ورک کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے،چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن ویلفیئر بیورو سارہ احمد

پیر 8 ستمبر 2025 18:26

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) چائلڈ پروٹیکشن ویلفیئر بیورو پنجاب کی چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا ہے کہ کم عمری کی شادیوں کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے قانونی فریم ورک کو مضبوط بنانے اور باہمی تعاون پر مبنی کوششوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے،بچوں پر جنسی و جسمانی تشدد کی روک تھام کے لئے خصوصی مہم کا آغاز کردیا ہے ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر بچوں کے تحفظ کے لئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں،بچوں سے جنسی زیادتی کی روک تھام کے لئے والدین کا کردار انتہائی ضروری ہے ۔

یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں اپنے ایک بیان میں کی ۔انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں پنجاب کے ایک شہر سے بچوں سے جنسی زیادتی کے بعد ان کی ویڈیوز بنانے والے ایک گینگ کو گرفتار کیا گیا اور چھ بچوں کو وہاں سے بازیاب کروا کر ان کی ذہنی نشونما کی جارہی ہے جبکہ والدین کو اپنا خصوصی کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ان کے بچے کسی بھی ایسے گروہ کا شکار ہونے سے بچ سکیں ۔

(جاری ہے)

چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے لیے محفوظ، صحت مند مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے ہمارہ ادارہ دن رات کوشاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں چائلڈ پروٹیکشن ویلفیئر بیورو کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ سڑکوں پر نظر نہ آئے ۔