Live Updates

سیلابی صورتحال پر قومی ایکشن پلان بنانے کی ضرورت ہے، بیرسٹرگوہر

پیر 8 ستمبر 2025 23:26

وزیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء) چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سیلابی صورتحال پر قومی ایکشن پلان بنانے کی ضرورت ہے، بانی پی ٹی آئی کی صحت سے مطمئن ہیں ،جیل حکام کا رویہ ٹھیک نہیں، ضمنی انتخاب کے بائیکاٹ کا فیصلہ اصولی ہے،الیکشن کمیشن نے غیر آئینی نوٹیفکیشن جاری کیا۔ وہ یہاں وزیرآباد میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

بعدازاں انہوں نے مقامی قیادت کے ہمراہ سیلاب متاثرین میں راشن بھی تقسیم کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال پر قومی یک جہتی کی ضرورت ہے،سیلاب کی باعث لوگ شدید تکلیف میں مبتلا ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب کے ساڑھے چار ہزار دیہات زیرآب آ چکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد اور لاکھوں ایکڑ اراضی متاثر ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ حکومت عوام کو بھی بلا امتیاز امدادی سرگرمیوں میں کردار ادا کرنے دے،خیبر پختونخوا میں سیلاب کے دوران پنجاب کی عوام نے بھرپور ساتھ دیا، اب دیگر صوبوں اور عوام کو پنجاب کی مدد کی طرف آنا چاہیے۔

انہوںنے کہاکہ وزیرآباد سمیت ملک بھر میں ضمنی انتخابات سے بائیکاٹ ہمارا اصولی فیصلہ ہے، ہمارے اراکین کی قومی اسمبلی سے نااہلی غیر قانونی ہے۔ انہوںنے کہاکہ الیکشن کو سپیکر کے ریفرنس کے بغیر نوٹیفکیشن جاری کرنے کا اختیار نہیں ہے، ہم نوٹیفکیشن کو ہی غیر آئینی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کو جلد یقینی بنایا جائے، عمران خان کی صحت سے متعلق سوال پر کہا کہ بانی چیئرمین کی صحت بلکل ٹھیک ہے، ان کی صحت کے متعلق افواہیں غلط ہیں تاہم جیل حکام کا رویہ درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام کیلئے تناؤ کو کم کرنا ہو گا، ابھی بھی وقت ہے کہ معاملات کو سیاسی طریقے سے حل کیا جائے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات