قازقستان کے نائب وزیراعظم وفد کے ہمراہ 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ نے استقبال کیا

پیر 8 ستمبر 2025 23:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ وفد کے ہمراہ 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔میڈیارپورٹ کے مطابق قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ مراد نرتلیو، تیرہ رکنی وفد کے ہمراہ 2 روزہ دورے پراسلام آباد پہنچ گئے، ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ علی گیلانی نے ان کا استقبال کیا۔

قازقستان کے نائب وزیراعظم کی اپنے پاکستانی ہم عصر سینیٹر اسحٰق ڈار سے سے ملاقات ہوگی جبکہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز دفتر خارجہ کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ مراد نرتلیو 8 تا 9 ستمبر پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ اہم دورہ نومبر میں قازقستان کے صدر کے مجوزہ پاکستان کے دورے کی تیاریوں کا پیش خیمہ ہے۔

(جاری ہے)

قازقستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ کے ہمراہ 13 رکنی اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا، جس میں قازقستان کے وزیر ٹرانسپورٹ بھی شامل ہیں۔ دورے کے موقع پر زرعی شعبے اور آئی ٹی کے مشترکہ ورکنگ گروپوں کے اجلاس بھی منعقد ہوں گے۔دفتر خارجہ کے مطابق اپنے قیام کے دوران نائب وزیرِاعظم اور وزیرخارجہ اپنے پاکستانی ہم عصر سینیٹر محمد اسحٰق ڈار سے علیحدہ ملاقات کریں گے جس کے بعد وفد کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔

مراد نرتلیو پاکستان کے صدر اور وزیراعظم سے بھی ملاقات کی توقع رکھتے ہیں۔ان مذاکرات کے دوران آئندہ صدارتی دورے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ پاکطقازق دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں پر جامع تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس میں خاص توجہ تجارت و سرمایہ کاری، زراعت، تعلیم، ثقافتی اور سیاحتی تبادلے، علاقائی روابط اور لاجسٹکس، اور کثیرالجہتی اداروں میں تعاون پر مرکوز ہوگی۔