شکاگو میں یوم دفاع پاکستان کے موقع پر سفیر پاکستان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

پیر 8 ستمبر 2025 22:46

شکاگو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 ستمبر2025ء) امریکہ کے شہر شکاگو میں یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ کے اعزاز میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں امریکی رکن کانگریس جوناتھن جیکسن، شکاگو سٹی کی خزانہ دار میلیسا کونیئرز-ارون، پاکستانی کمیونٹی کے رہنماؤں، اور سینئر منتخب عہدیداروں نے شرکت کی۔

پاکستان کے قونصل جنرل طارق کریم کی جانب سے منعقد ہونے والی اس تقریب میں سفیر پاکستان نے آپریشن بنیان المرصوص کے جذبے کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جو پاکستانی قوم کے عزم اور پاک افواج کی بہادری کی غمازی کرتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے جغرافیائی محل وقوع، انسانی وسائل، اور تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ٹیکنالوجی کے شعبے میں کامیابیوں کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

سفیر پاکستان نے اس موقع پر پاک امریکہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں، خاص طور پر اقتصادی تعاون اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی، اور پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا ، جو دونوں ملکوں کے درمیان پل کا کام کرتی ہے۔ تقریب میں کمیونٹی کے اراکین کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں سفیر پاکستان نے حاضرین کے سوالات کے جوابات دیے اور پاک-امریکہ تعلقات کی مضبوطی کی جانب مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ اس تقریب نے اتحاد، عزم اور پاکستان کی ترقی کی سمت میں مشترکہ کوششوں کا اعادہ کیا، اور دونوں ملکوں کے درمیان مزید مستحکم تعلقات کی امیدوں کو جلا بخشی۔