nماڈل ٹاؤن پولیس کی کارروائی، 9 جرائم پیشہ ملزمان گرفتار

پیر 8 ستمبر 2025 19:55

!لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 ستمبر2025ء)ماڈل ٹاؤن ڈویژن پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے مختلف جرائم میں ملوث 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق یہ کارروائیاں کوٹ لکھپت اور ماڈل ٹاؤن تھانوں کی حدود میں کی گئیں۔ گرفتار ملزمان میں 2 منشیات فروش، 3 اشتہاری، 1 ناجائز اسلحہ رکھنے والا اور مجموعی طور پر 3 ریکارڈ یافتہ ملزمان شامل ہیں۔

ملزمان کو پٹرولنگ، سنیپ چیکنگ اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق گرفتار افراد ماضی میں چوری، ڈکیتی، کرایہ داری کی خلاف ورزی سمیت 21 مقدمات میں ملوث پائے گئے، جبکہ اشتہاری ملزمان کے خلاف ہوائی فائرنگ اور ناجائز اسلحہ کے 5 مقدمات درج تھے۔پولیس نے ملزمان سے 1 کلو 100 گرام چرس اور ایک پستول برآمد کر لیا ہے۔ تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سپیشل کارروائیاں جاری ہیں اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔