کے ایم سی ملازمین کو اضافہ کردہ تنخواہیں اور پینشنرز کو اضافہ کردہ پنشن ادا کی جائے،سجن یونین

پیر 8 ستمبر 2025 20:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)سجن یونین سی بی اے کے ایم سی کے مرکزی صدر سید ذوالفقارشاہ نے کہا ہے کہ کے ایم سی کے موجودہ فنانشل ایڈوائزر ملازم دشمن اقدامات کررہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ 65 کروڑ کی اسپشل گرانٹ، 25 کروڑ سے زائد ایم یو سی ٹی ریکوری کے باوجود نہ تو ملازمین کو اضافہ کردہ تنخواہ ادا کی گئی ہے اور نہ ہی پینشن میں اضافہ ادا کیا گیا ہے۔

جبکہ حاتم طائی کی سخاوت کو مات دیتے ہوئے حاصل اختیارات کے باوجود کئی ٹیکس وصول نہیں کیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہر ماہ پینشنرز کی ادائیگیوں کے لیے مختص 10 کروڑ میں سے 4 کروڑ کی رقم من پسند ریٹائر ملازمین کو شادیوں، بیماریوں اور کورٹ احکامات کی آڑ میں بھاری نذرانے لیکر ادا کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اضافہ کردہ تنخواہ اور پینشن کی ادائیگی نہ کرنے پر احتجاج اور عدالت سے رجوع کیا جارہا ہے انہوں نے چیف سیکریٹری سندھ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اور سیکریٹری فنانس سے مطالبہ کیا ہے کہ کے ایم سی سے اسپیشل گرانٹ، ایم یو سی ٹی کا حساب طلب کیا جائے اور بلدیاتی اداروں کی اوذیڈ ٹی گرانٹ میں اضافہ کیا جائے۔