برطانوی وزیر اعظم کی فلسطینی صدر سے ملاقات، غزہ میں جاری خوفناک انسانی ا لمیے کا فوری حل تلاش کرنے پر تبادلہ خیال

منگل 9 ستمبر 2025 11:00

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) برطانیہ کے وزیر اعظم کئیر اسٹارمر نے لندن میں فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے ملاقات کی جس میں غزہ میں جاری خوفناک انسانی المیے اور قحط کو ختم کرنے کے لیے فوری حل تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اے ایف پی کے مطابق برطانوی وزیر اعظم کی فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب برطانوی حکومت فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے قریب ہے۔

ڈاؤننگ سٹریٹ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں غزہ میں جاری خوفناک انسانی المیے اور قحط کو ختم کرنے کے لیے فوری حل تلاش کرنے اور یرغمالیوں کی رہائی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔فلسطینی صدر محمود عباس نے برطانیہ کے اس وعدے کا خیرمقدم کیا کہ وہ اس ماہ کے آخر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گا بشرطیکہ اسرائیل اپنی پالیسی تبدیل نہ کرے۔

(جاری ہے)

برطانیہ اور فرانس سمیت کئی ممالک نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس ماہ فلسطینی ریاست کو اقوام متحدہ میں تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔برطانوی حکومت نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل تباہ کن غزہ جنگ میں جنگ بندی پر راضی نہ ہوا تو یہ اقدام اٹھایا جائے گا۔برطانوی وزیر اعظم اسٹارمر نے عندیہ دیا ہے کہ اگر اسرائیل نے غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے اور پائیدار امن کے لیے ٹھوس اقدامات نہ کیے تو وہ آنے والے ہفتوں میں یہ قدم اٹھائیں گے۔ڈاؤننگ اسٹریٹ کے مطابق محمود عباس سے ملاقات غزہ میں جاری تنازع کے سیاسی حل تک پہنچنے کے لیے وزیر اعظم کی کوششوں کا حصہ ہے۔گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نےتنازعہ کے دیرپا سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا۔