صنعتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کےلئے اعلیٰ تعلیم یافتہ و ہنر مند افرادی قوت ناگزیر ہے،تاجر رہنما ریحان نسیم بھراڑہ

منگل 9 ستمبر 2025 16:07

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) ایوان صنعت و تجارت فیصل ۱ٓباد کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ صنعتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کےلئے اعلیٰ تعلیم یافتہ و ہنر مند افرادی قوت ناگزیر ہے جس کےلئے انڈسٹری اور اکیڈیمیا کے درمیان قابل عمل روابط بارے بھی ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو افرادی قوت کی دولت سے نوازا ہے ، پیداواری عمر کے نوجوانوں کا حصہ ہماری کل آبادی میں 45 فیصد ہے جن میں سے بڑی تعداد بیرون ممالک کام اور ملک کو سالانہ اربوں روپے کی ترسیلات زر کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں سو سے زائد ریسرچ انسٹیٹیوٹس قائم ہیں جبکہ ملک کی یونیورسٹیوں سے ہر سال تقریباً ایک لاکھ گریجویٹ فارغ التحصیل ہو رہے ہیں مگر صنعتوں میں ان کا عملی کردار نہ ہونے کے برابر ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ ریسرچ انسٹیٹیوٹ سے فارغ التحصیل طلباکی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلیمی اداروں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افراد تیار کرنے ہوں گے تاکہ مصنوعات کے معیار کو بھی بہتر بنایا جا سکے۔