یوکرین کے گاؤں پر روسی فضائی حملے میں 20 افراد ہلاک

منگل 9 ستمبر 2025 16:51

کیف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ مشرقی یوکرین کے ایک گاؤں میں پنشن وصول کرنے والے عام شہریوں پر روسی فضائی حملے میں 20 سےزیادہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔رائٹرز کے مطابق ولودیمیرزیلنسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ یہ حملہ ڈونیٹسک خطے کے گاؤں یارووا میں کیا گیا جو شہر سلاویانسک سے 24 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور محاذ جنگ سے چند کلومیٹر پیچھے ہے۔

انہوں نے کہا کہ حملہ عین اس وقت کیا گیا جب پنشنرز اپنی پنشن لینے کیلئے ایک مرکز پر جمع تھے۔صدر زیلنسکی نے وڈیو بھی جاری کی جس میں لاشیں زمین پر پڑی اور ملبہ بکھرا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ ڈونیٹسک کے گورنر وادیِم فلاشکن کے مطابق اس حملے میں مزید 21 افراد زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

زیلنسکی نے عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ دنیا خاموش نہیں رہ سکتی، دنیا کو ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں بیٹھنا چاہیے، امریکا سے جواب درکار ہے، یورپ سے جواب درکار ہے، جی20 سے جواب درکار ہے۔روسی حکام نے فوری طور پرصدر ولودیمیر زیلنسکی کے بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ یوکرین کے انسانی حقوق کے کمشنر دمیترو لیوبینیتس نے اس فضائی حملے کو یوکرینی عوام کے خلاف منظم دہشت گردی کا ایک اور ثبوت قرار دیا ہے۔