Live Updates

جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سرکل گڑتھامہ اور چناری کا اہم اجلاس

منگل 9 ستمبر 2025 22:29

چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2025ء)جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سرکل گڑتھامہ اور چناری کا ایک اہم اجلاس ریسٹ ہاؤس چناری میں منعقد ہوا، جس میں معززین علاقہ، مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندگان اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت راجہ عبدالقدیر خان ممبر یوتھ پی ٹی آئی وارڈ گڑتھامہ نے کی۔

میٹنگ میںپی ٹی آئی کے علاوہ مسلم لیگ ن ،جماعت اسلامی کے کارکنان نے بھی شرکت کی جن میںعامر روشن اعوان ،سید نورالحسن کاظمی، راجہ سلیمان خان،راجہ وقاس اور دیگر بھی شامل تھے، مقررین نے کہا کہ 29 ستمبر کو عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی گئی شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال عوامی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد کا حصہ ہے، جس کی مکمل حمایت کی جاتی ہے ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کسی ایک جماعت یا فرد کے نہیں بلکہ سب کے مشترکہ ہیں، اس لیے ہر شہری کو سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اس تحریک کا حصہ بننا چاہیے،شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ مہنگائی، ٹیکسوں کا بوجھ، بیروزگاری اور سہولیات کی کمی جیسے مسائل پر آواز بلند کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

عوامی ایکشن کمیٹی ان مسائل کو اجاگر کر رہی ہے اور ہر باشعور شہری پر لازم ہے کہ وہ اس آواز میں اپنی آواز شامل کرے،اجلاس میں شریک تاجران و رہنماؤں، جن میں ہٹیاں بالا سے پی ٹی آئی رہنما عامر روشن اعوان اور سراں سے راجہ سلیمان خان تاجر رہنما و رکن کمیٹی شامل تھے نے کہا کہ ہم نہ کسی ادارے اور نہ ہی کسی ملک کے خلاف ہیں، بلکہ صرف اپنے حقوق کی بات کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہڑتال بنیادی حقوق ملنے تک جاری رہے گی اور مرکزی قیادت کے ہر فیصلے پر عمل کیا جائے گا،شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ 29 ستمبر کو چناری اور گردونواح کے عوام بھرپور انداز میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کو کامیاب بنائیں گے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات