Live Updates

گلگت بلتستان حکومت نے سیلاب سے تباہ مکانات کے مالکان کا معاوضہ 3 لاکھ، جزوی متاثرہ مکانات کا معاوضہ ڈیڑھ لاکھ کردیا

محکمہ پلاننگ نے مکمل بحالی کیلئے وفاقی حکومت کو 4ارب کے علاوہ مزید 15ارب روپے کی تفصیلات و سفارشات ارسال کی ہیں، حاجی گلبر خان

منگل 9 ستمبر 2025 20:25

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ مہنگائی کے دور میں سیلاب سے تباہ مکانات کا معاوضہ صرف ایک لاکھ ادا کرنا ناکافی ہے ،رقم میں ایک کمرہ بھی تعمیر نہیں کیا جاسکتا، سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد اور ان کے زخموں پر مرہم رکھنا ہماری ذمہ داری ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ مکمل تباہ ہونے والے مکانات کامعاوضہ 3لاکھ اور جزوی نقصان پہنچنے والے مکانات کا معاوضہ ڈیڑھ لاکھ دیا جائے گا ،اس کے علاوہ سابق پالیسی میں گھر کے سربراہ کی قدرتی آفت یا سیلاب میں موت ہونے کی صورت میں 8لاکھ معاوضہ ادا کیا جاتا تھا جبکہ سربراہ کے علاوہ دیگر افرادکا قدرتی آفت یا سیلاب میں جاں بحق ہونے پر صرف 6 لاکھ معاوضہ مقرر کیا گیا تھا جس پر نظر ثانی کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ حالیہ سیلاب میں تمام جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو 8لاکھ معاوضہ ادا کیا جائے گا جس کیلئے سفارشات کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور جاں بحق افراد کے لواحقین اور تباہ ہونے والے مکانات کے معاوضوں کی ادائیگی کے حوالے سے منعقدہ اعلی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حاجی گلبر خان نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ترجیح ہے کہ سردیوں کے آمد سے قبل جن کے مکانات تباہ ہوئے ہیں ان کی رہائش کیلئے بندوبست کیا جائے۔ وزیر اعلی نے اس موقع پر صوبائی سیکریٹری داخلہ اور ڈائریکٹر جنرل جی بی ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین جن کے مکانات تباہ ہوئے ہیں ان کو جلد معاوضوں کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔

وزیر اعلی نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت کی بہترین اور قبل از وقت حکمت عملی تیار کرنے کی وجہ سے حالیہ سیلاب میں ریسکیو اور بحالی کے کام احسن انداز میں جاری ہیں۔ بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایمرجنسی کے تحت کئی علاقوں میں منصوبے مکمل کئے گئے ہیں اور بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے۔محکمہ پلاننگ نے مکمل بحالی کیلئے وفاقی حکومت کو 4ارب کے علاوہ مزید 15 ارب روپے کی تفصیلات اور سفارشات ارسال کی ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات