میڈیا کی آواز مثبت اور تعمیری ہو تو اس کے اثرات براہ راست عوام تک پہنچتے ہیں، بیرسٹر سیف

منگل 9 ستمبر 2025 20:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات وتعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کاٹلنگ پریس کلب کا دورہ کیا اور نومنتخب کابینہ سے حلف لیا۔ محکمہ اطلاعات خیبرپختونخوا کے تر جمان کے مطابق اس موقع پر مقامی صحافیوں، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ صحافت اور سیاست ایک سکے کے دو رخ ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ صحافی برادری مثبت صحافت کو فروغ دے۔

انہوں نے کہا کہ صحافی اپنی ذمہ داریاں دیانت داری سے ادا کریں اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں کردار ادا کریں تاکہ حکومت کی مشینری ان مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا معاشرے کی آواز ہے اور اگر یہ آواز مثبت اور تعمیری ہو تو اس کے اثرات براہ راست عوام تک پہنچتے ہیں۔

(جاری ہے)

صحافیوں کو چاہیے کہ وہ عوامی مفاد کے موضوعات پر توجہ دیں اور ایسے مسائل سامنے لائیں جو براہِ راست عوام کی زندگیوں سے جڑے ہوں۔

مقامی صحافیوں نے بیرسٹر محمد علی سیف کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے آنے سے صحافیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور امید ہے کہ حکومت صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے گی۔ تقریب کا اختتام دعا اور باہمی خیرسگالی کے جذبات کے اظہار پر ہوا۔