Live Updates

سیلاب زدگان تک پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے اقدامات مزید تیز کر دئیے گئے ہیں، ترجمان

منگل 9 ستمبر 2025 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر سیلاب زدگان تک پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے اقدامات مزید تیز کر دئیے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق پنجاب صاف پانی اتھارٹی نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کا دائرہ کار بڑھا دیا اور 19لیٹر کی ایک لاکھ سے زائد پانی کی بوتلیں متاثرہ شہریوں تک پہنچائی جائیں گی۔

ترجمان کے مطابق اب تک مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 7لاکھ 27ہزار لیٹر پانی تقسیم کیا جا چکا ہے، جس سے 2 لاکھ 42ہزار 333متاثرین کو صاف پانی فراہم کیا گیا۔ گزشتہ روز ہی صاف پانی اتھارٹی نے ایک لاکھ 87ہزار 500لیٹر پانی متاثرہ عوام تک پہنچایا۔ترجمان محکمہ ہاوسنگ کے مطابق سیلاب متاثرین کو صحت بخش صاف پانی مہیا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے صاف پانی کی فراہمی کو مرحلہ وار بڑھایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ الٹرا فلٹریشن ہینڈ پمپس بھی متاثرہ علاقوں میں پہنچائے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو بلا تعطل صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ترجمان کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کے اشتراک سے شہریوں کی حفاظت اور سہولت کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ سیلاب متاثرین کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔ سیکرٹری ہاوسنگ نورالامین مینگل خود آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو ریلیف جلد از جلد فراہم ہو سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات