موتیا کی بڑھوتری بہتر بنانے کیلئے بروقت آبپاشی یقینی بنائی جائے، ماہرین گلبانی

بدھ 10 ستمبر 2025 15:38

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین گلبانی و چمن آرائی نے پھولوں کے کاشتکاروں کو موتیاکی بہتر پیداوار حاصل کرنے کیلئے بروقت آبپاشی کی سفارش کی ہے اور کہاہے کہ چونکہ موتیاکو پھولوں میں نہایت اہم مقام حاصل ہے اور یہ ایک سدا بہار جھاڑی نما پودے پر پیداہوتاہے لہٰذا اگر اسے پانی کی مناسب مقدار فراہم کی جائے تو اس کی بڑھوتری بھی بہتر ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ مناسب آبپاشی سے بہترین خوشبو کے حامل سفید رنگ کے موتیا کے پھول کا سائز بھی دو گنا ہو سکتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ پاکستان میں ہر سال وسیع پیمانے پر موتیاکے خوشبودار پھولوں سے تیل نکال کر اسے عطریات بنانے کیلئے استعمال کیاجاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ موتیاکو کاشت کے بعد ابتدائی مراحل میں بڑھوتری کیلئے پانی کی کافی مقدار کی ضرورت ہوتی ہے اسلئے موسم گرما کے دوران اسے پانی کی کمی نہیں آنے دینی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ پانی دیتے وقت اگر کھادوں کا متوازن و متناسب استعمال کیاجائے تو موتیاکی مزید بہتر پیداوار کا حصول بھی ممکن ہو سکتاہے۔