سویڈن کی نومنتخب وزیرِ صحت پہلے ہی دن براہِ راست پریس کانفرنس کے دوران بے ہوش، ویڈیو وائرل

بدھ 10 ستمبر 2025 20:16

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)سویڈن کی نومنتخب وزیرِ صحت الیزابت لان منگل کو اپنی پہلی پریس کانفرنس کے دوران اچانک بے ہوش ہو گئیں، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔نیویارک پوسٹ کے مطابق گزشتہ روز سویڈن کی نومنتخب وزیرِ صحت الیزابت لان ایک براہِ راست پریس کانفرنس کے دوران اسٹیج پر بے ہوش ہو کر گر گئیں۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب 48 سالہ لان، سویڈن کے وزیراعظم الف کرسٹرشون اور کرسچن ڈیموکریٹس پارٹی کی سربراہ ایبا بٴْش سمیت دیگر حکومتی نمائندوں کے ساتھ صحافیوں کے سوالات کے جوابات دے رہی تھیں۔اسی دوران اچانک لان آہستہ آہستہ آگے کو جھکیں اور گر کر بے ہوش ہوگئیں، گرنے کے ساتھ ہی ان کے سامنے رکھا پوڈیم بھی گر گیا، اس موقع پر دیگر سیاست دان اور کچھ صحافی فوراً ان کی مدد کے لیے آگے بڑھے، اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں حکومتی سیکیورٹی نے انہیں سہارا دیا اور وہ دوبارہ کانفرنس ہال میں واپس آگئیں، واپسی پر انہوںنے کہاکہ وہ خون میں شوگر لیول کم ہونے کے باعث گر گئی تھیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بالکل عام دن نہیں تھا اور ایسا ہو سکتا ہے اگر خون میں شوگر لیول کم ہو جائے،یہ واضح نہیں ہے کہ آیا انہیں طبی امداد فراہم کی گئی یا نہیں، تاہم واپسی پر وہ زیادہ زخمی نہیں لگ رہی تھیں،لان کے ساتھ یہ واقعہ ان کے وزیرِ صحت کا منصب سنبھالنے کے پہلے ہی دن پیش آیا، پیر 8 ستمبر کو ان کی پیش رو آکو انکاربرگ جوہانسن نے استعفیٰ دے دیا تھا۔

اس سے قبل لان 2019 سے گوتھنبرگ میں بطور میونسپل کونسلر خدمات انجام دے رہی تھیں، وہ کرسچن ڈیموکریٹس کی رکن ہیں، ان کے پاس امن و ترقیاتی مطالعات اور سیاسیات میں ماسٹرز کی ڈگری ہے جیسا کہ ان کے لنکڈ اِن پروفائل پر درج ہے۔لان اس سے قبل کابینہ کے دفتر میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے طور پر بھی کام کر چکی ہیں اور ہیلتھ کیئر ریسپانسبلٹی انکوائری میں بھی شریک رہی ہیں۔