خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی سکالرز کی فراغت کی پروقار تقریب

بدھ 10 ستمبر 2025 19:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور میں بیسک میڈیکل سائنسز کے 60 پی ایچ ڈی سکالرز کی کامیاب فراغت کے حوالے سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف تھے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ کے ایم یو آج ملک میں طبی تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کا مرکزِ فضیلت ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات صحت اور تعلیم ہیں اور کے ایم یو کی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ انسان کا سب سے بڑا کمال انسانیت اور صحت کی خدمت ہے، جبکہ پی ایچ ڈی کا حصول ایک نئے سفر کی شروعات ہیں جنہیں عملی زندگی میں دوسروں کی خدمت کے لیے بروئے کار لانا ہوگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بیرسٹر سیف نے انسٹی ٹیوٹ آف بیسک میڈیکل سائنسز کے تحت قائم ڈاکٹر جعفر خان بائیوکیمسٹری لیبارٹری اور فیملی میڈیسن ڈیپارٹمنٹ کے wellbeing center کا افتتاح بھی کیا۔

انہوں نے ویل بینگ سینٹر کے قیام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اس ماڈل کو دیگر سرکاری اداروں میں بھی متعارف کرانے کی سفارش کرے گی۔افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی جدید تحقیق اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ بعد ازاں انہوں نے کے ایم یو جنرل ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ ہسپتال نہ صرف مریضوں کو معیاری سہولیات فراہم کرے گا بلکہ مختلف امراض پر تحقیق کے نئے مواقع بھی مہیا کرے گا۔

تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق، فیکلٹی ممبران، محققین، انتظامی عملہ اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے مرحوم ڈاکٹر جعفر خان کی علمی و تحقیقی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔