Live Updates

سندھ میں سیلابی صورتحال اور پانی کے بہاو کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے سپرنٹنڈنگ انجینئر غلام سرور بنگلزئی نے گڈو بیراج کا دورہ کیا

بدھ 10 ستمبر 2025 19:50

) نصیر آباد (آن لائن) سندھ میں سیلابی صورتحال اور پانی کے بہاو کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے سپرنٹنڈنگ انجینئر غلام سرور بنگلزئی نے گڈو بیراج کا دورہ کیا، اس موقع پر بیراج سے اخراج ہونے والے پانی کی صورتحال کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا اور بیراج کے کام کے حوالے سے متعلقہ افسران نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔ محکمے کے مطابق اس وقت وڈو بیراج سے ساڑھے چار لاکھ کیوسک پانی گزر رہا ہے جو کوٹری کے راستے سمندر میں داخل ہوگا۔

سپرنٹنڈنگ انجینئر ایریگیشن سرکل غلام سرور بنگلزئی نے کہاکہ صورتحال پر کڑی نظر رکھنے کیلیے سندھ حکومت کے ساتھ قریبی روابط قائم ہیں جبکہ محکمہ ایریگیشن بلوچستان نے بھی اپنا ایک یونٹ گڈو بیراج پر تعینات کررکھا ہے جو روزانہ کی بنیاد پر سیلابی کیفیت کا جائزہ لیتا اور رپورٹ مرتب کرتا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ ایریگیشن کے ترجمان کے مطابق گڈو اور سکھر بیراج پر درمیانے درجے کا فلڈ گزر رہا ہے جس کے لیے سندھ حکومت کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جا رہا ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

محکمہ ایریگیشن نصیرآباد کے عوام کو یقین دلاتا ہے کہ تمام اہلکار اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دے رہے ہیں، سیلابی صورتحال پر چوبیس گھنٹے کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور فیلڈ میں موجود عملہ ہر وقت تیار ہے۔محکمہ نے واضح کیا ہے کہ اللہ تعالی کے کرم سے اس وقت حالات مکمل طور پر قابو میں ہیں اور دعا ہے کہ آئندہ دنوں میں بھی سندھ اور بلوچستان کے عوام بالخصوص نصیرآباد کے شہری محفوظ رہیں۔

محکمے کے مطابق تمام افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ایکزیک ٹیو انجینئرز،چیف انجینئرز اور صوبائی سیکرٹری ایریگیشن مسلسل رابطے میں ہیں جبکہ صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی بھی صورتحال کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سب ڈویژنل آفیسر حاجی ممتاز احمد سومرو نے بھی گڈو بیراج میں پانی کے اخراج اور پٹ فیڈر کینال میں زرعی پانی کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات