سوشل میڈیا کے استعمال کے لیے عمر کی حد مقرر کی جانی چاہیے،یورپی کمیشن

جمعرات 11 ستمبر 2025 08:30

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وون ڈیرلین نے یورپی یونین کے اندر سوشل میڈیا کے استعمال کے لیے عمر کی حد مقرر کرنے کی حمایت کی ہے۔العربیہ کے مطابق سٹراسبرگ فرانس میں یورپی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے ارسلا وون ڈیر لین نے کہا کہ وہ اس سال کے آخر تک ماہرین کے ایک گروپ کو بہترین طریقوں کے بارے میں مشورہ دینے کے لیے مقرر کریں گی۔

انہوں نے سوشل میڈیا کے لیے ممکنہ قواعد و ضوابط کا تمباکو اور الکحل کے ساتھ موازنہ کیا۔

(جاری ہے)

وون ڈیر لین نے یورپی یونین کے ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ جیسا کہ میرے زمانے میں تھا۔ ہم ایک معاشرے کے طور پر اپنے بچوں کو سکھاتے تھے کہ انہیں ایک خاص عمر تک سگریٹ پینے، شراب پینے یا بالغوں کا مواد دیکھنے کی اجازت نہیں ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم سوشل میڈیا کے لیے بھی ایسا ہی کرنے کے بارے میں سوچیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں ان والدین کی تشویش کو سمجھتی ہوں جو اپنے بچوں کو محفوظ رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔ یہ والدین ڈرتے ہیں کہ ان کے بچے صرف ایک فون کلک سے بڑے پیمانے پر خطرات کا شکار ہو جائیں گے۔