نیپال کے سابق وزیراعظم کی اہلیہ کو زندہ جلا دینے کے دعوے کی حقیقت کچھ اور ہی نکلی

سابق نیپالی ویر اعظم جھلا ناتھ کنال کی اہلیہ روی لکشمی چترکار کا زندہ ہونے اور ہسپتال میں زیر علاج ہونے کا انکشاف

muhammad ali محمد علی جمعہ 12 ستمبر 2025 00:48

نیپال کے سابق وزیراعظم کی اہلیہ کو زندہ جلا دینے کے دعوے کی حقیقت کچھ ..
کھٹمنڈو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 ستمبر2025ء) نیپال کے سابق وزیراعظم کی اہلیہ کو زندہ جلا دینے کے دعوے کی حقیقت کچھ اور ہی نکلی، سابق نیپالی ویر اعظم جھلا ناتھ کنال کی اہلیہ روی لکشمی چترکار کا زندہ ہونے اور ہسپتال میں زیر علاج ہونے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق نیپال میں جاری نوجوانوں کی بغاوت کے دوران گزشتہ روز ایک تشویش ناک اور دل دہلا دینے والی خبر سامنے آئی تھی۔

دعوٰی کیا گیا کہ نیپال کے پرتشدد مظاہرین نے سابق وزیر اعظم کی اہلیہ کو زندہ جلا ڈالا۔ تاہم اب سامنے آنے والے حقائق کے مطابق نیپال کے سابق وزیراعظم جھلا ناتھ کنال کی اہلیہ کے زندہ جل جانے کی خبر جھوٹی اور بے بنیاد ثابت ہوئی ہے۔ بھارتی اور غیر ملکی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ سابق نیپالی وزیر اعظم کی اہلیہ روی لکشمی چترکار احتجاجی مظاہروں کے دوران گھر میں آگ لگنے سے جھلس کر جان کی بازی ہار گئی ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم نیپال کے فیکٹ چیکنگ ادارے نے اپنی تحقیق میں واضح کیا کہ روی لکشمی زندہ ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ سابق نیپالی وزیر اعظم کی اہلیہ زندہ ہیں تاہم شدید زخمی ہیں، ہسپتال میں ان کا علاج جاری ہے۔ وہ جس ہسپتال میں زیر علاج ہیں وہاں کے ڈاکٹرز کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ سابق نیپالی وزیراعظم کی اہلیہ گھر میں جل کر بری طرح زخمی ہیں، ان کی حالت تشویش ناک ہے اور انہیں شدید زخم آئے ہیں لیکن وہ زندہ ہیں اوران کا علاج جاری ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ سابق نیپالی وزیراعظم کی اہلیہ کو زخمی حالت میں پہلے فوج کے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم ان کی حالت خراب ہونے پر انہیں نیپال کے سرکاری برن ہسپتال منتقل کرنا پڑا، جہاں وہ اب زیر علاج ہیں۔ واضح رہے کہ نیپال میں حکومت کا تختہ الٹنے والے نوجوانوں کا احتجاج اب بھی جاری ہے۔