ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ایڈز میں مبتلا ہونے کی تردید کر دی

جمعرات 11 ستمبر 2025 22:38

ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ایڈز میں مبتلا ہونے کی تردید کر دی
اوٹاوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2025ء)عالمی شہرت یافتہ اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اپنی صحت سے متعلق زیر گردش خبروں کو مسترد کر دیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا، ’زیر گردش خبروں میں کوئی صداقت نہیں، مجھے ایڈز نہیں ہے۔‘میڈیا رپورٹس کے مطابق ذاکر نائیک کے وکیل اکبر الدین عبدالقادر نے ان کی جانب سے ان خبروں کی تردید کی اور کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک مکمل طور پر صحت مند اور اپنے گھر پر ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ذاکر نائیک اور ان کے اہلِ خانہ کی بیماری سے متعلق سوشل میڈیا گردش ہونے والی خبریں بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ ہیں، جنہیں بھارتی میڈیا پھیلا رہا ہے۔انہوں نے اپیل کی کہ عوام کسی بھی قسم کے پروپیگنڈے میں نہ آئیں اور نہ کسی افواہ پر کان دھریں۔ ڈاکٹر صاحب اپنے فرائض منصبی کی انجام دہی میں متحرک اور مصروف ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک ایڈز جیسی مہلک بیماری میں مبتلا اور اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ ان کی اہلیہ فرحت نائیک اور ان کی بیٹی کا ایچ آئی وی ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔